کراچی(نامہ نگار)تاجر رہنما عتیق میر نے بتایا ہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہر دکان میں تقریباً 25 سے 30 لاکھ روپے کا سامان جل کر بھسم ہوا اور مجموعی طور پر تین ارب سے زائد مال ضائع ہو گیا۔
عتیق میر کے مطابق تاجروں نے یہ سامان عید کے لیے خریدا تھا۔ دوسری جانب تاجر مزمل نے کہا کہ سانحے میں لوگوں کا کروڑوں اور اربوں روپے کا مال ضائع ہو چکا ہے اور حکومت کو چاہیے کہ متاثرین کے ساتھ تعاون کرے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کو چھبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال مکمل طور پر کنٹرول نہیں کیا جا سکا اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حادثے میں اب تک چھ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ متعدد افراد کے عمارت میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کر کے صورت حال پر بات کی ہے اور جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

