ٹورنٹو( نمائندہ خصوصی)گوگل کینیڈا نے اعلان کیا ہے کہ حکومتِ کینیڈا کی جانب سے “ڈیجیٹل سروسز ٹیکس (DST)” کی منسوخی کے بعد، اشتہارات پر عائد کی گئی 2.5 فیصد اضافی فیس فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے کینیڈین کاروباری اداروں اور مارکیٹرز کو مالی ریلیف حاصل ہوگا۔
گوگل کینیڈا نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حکومتِ کینیڈا کی جانب سے “ڈیجیٹل سروسز ٹیکس (DST)” کے خاتمے کے بعد، کینیڈین اشتہاری صارفین سے وصول کی جانے والی 2.5 فیصد اضافی فیس کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ فیس اکتوبر 2024 میں متعارف کرائی گئی تھی تاکہ گوگل، کینیڈین حکومت کے DST قانون کے تحت پیدا ہونے والے اضافی اخراجات کی تلافی کر سکے۔ DST قانون سازی 2021 میں کی گئی تھی، جس کے مطابق بڑی عالمی ڈیجیٹل کمپنیوں کو کینیڈین صارفین سے ہونے والی آمدنی پر 3 فیصد ٹیکس ادا کرنا تھا، جس پر عملی نفاذ 2024 میں عمل میں آیا۔
اس قانون پر امریکی حکومت نے شدید تحفظات کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی پیدا ہوئی۔ تاہم جون 2025 میں کینیڈین حکومت نے بالآخر یہ ٹیکس واپس لے لیا، جس کے بعد امریکا نے تجارتی مذاکرات کی بحالی کا اعلان کیا۔
گوگل کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا”ہم حکومتِ کینیڈا کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کے خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ چونکہ اب یہ ٹیکس منسوخ کر دیا گیا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کینیڈا میں اشتہاری سروسز پر لگائی جانے والی 2.5 فیصد اضافی فیس کو بھی فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔”
ترجمان کے مطابق، یہ فیصلہ ان تمام کینیڈین اشتہاری صارفین، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے ریلیف کا باعث بنے گا، جو آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنی موجودگی برقرار رکھنے کیلئے گوگل ایڈز استعمال کرتے ہیں۔گوگل کے مطابق، ماضی میں وصول کی گئی فیسوں کیلئےصارفین کو کریڈٹ یا ریفنڈ کی سہولت فراہم کی جائیگی، جس کی تفصیلات گوگل ایڈز پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
کمپنی نے اعادہ کیا ہے کہ وہ صارفین کو شفاف، مؤثر اور قابلِ بھروسہ ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے، اور پالیسی سازی میں توازن اور صارفین کے مفادات کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہے۔ماہرین کے مطابق، گوگل کا یہ اقدام کینیڈین کاروباری برادری کے ساتھ مالی تعاون اور حکومت کے ساتھ مثبت ہم آہنگی کی علامت ہے، جو ڈیجیٹل معیشت میں اعتماد اور استحکام پیدا کرے گا۔

