اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان ٹیلی وژن کی مقبول ڈرامہ سیریز گیسٹ ہاؤس میں مسٹر شمیم کا کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے۔ذرائع کے مطابق خالد حفیظ 26 اور 27 جنوری کی درمیانی شب رات ایک بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اسلام آباد کے ایچ-11 قبرستان میں بعد از نمازِ مغرب ادا کی گئی۔

خالد حفیظ اسلام آباد میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم تھے اور وہ اکثر گیسٹ ہاؤس میں اپنے ساتھی اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو کے ساتھ مختلف انٹرویوز میں نظر آتے رہے۔اداکار کے انتقال کی خبر سب سے پہلے افضل خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے دی، جس کے بعد اداکارہ بشریٰ انصاری اور اداکار نعمان مسعود نے بھی خالد حفیظ کے انتقال کی تصدیق کی۔
مرحوم کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ کئی افراد نے انہیں اپنے بچپن کی یادوں سے جڑی ایک اہم اور یادگار شخصیت قرار دیا ہے۔

