ہری پور( نمائندہ خصوصی)ہزارہ موٹروے پر شاہ مقصود انٹرچینج کے قریب ٹرالر اور کار میں تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں۔
ہزارہ موٹروے پر شاہ مقصود انٹرچینج کے قریب راولپنڈی کی طرف جاتے ہوئے ٹرالر اور کرولاکار میں خوفناک تصادم پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد، جن میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 ہری پور کے ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں 39 سالہ رضا سلیم سکنہ گلگت بھی شامل ہیں۔ ریسکیو کی میڈیکل ٹیم نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو ٹائپ ڈی ہسپتال حویلیاں منتقل کر دیا۔امدادی کارروائیوں میں موٹروے پولیس نے بھی حصہ لیا۔

