سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمارا فائنل میچ کل تھا، جس میں ہم ہار گئے، پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہر صبح ملک میں بری خبر آتی ہے یہ بھی بری خبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 500 آدمیوں کو جھوٹے کیسز میں اڈیالہ جیل میں رکھا ہوا ہے، غریب کو اڈیالہ جانے کے لیے 2000 روپے درکار ہوتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اس عید پر بے گناہ لوگوں کو رہائی ملنی چاہیے، حکومت کو نوٹس لینا چاہیے، جب تک بے گناہ جیلوں سے نہیں نکالے جائیں گے عزت کے خواہش مندوں کو عزت نہیں ملے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اب میری طرح سائیڈ پر ہی رہیں، وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑایا کرتے تھے، 2 مہینے سیاسی طور پر اہم ہیں، فیصلے کرنا ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں نے سیاست سے کنارہ نہیں کیا، 2 مہینے تک سائیڈ پر ہوں، حکومت کو یو اے ای، سعودی عرب اور چین سے پیسے نہیں ملے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ 2 ماہ میں چور لٹیروں کی سیاست کا فیصلہ ہو گا، اس بار عید کے بعد قربانی ہو گی، کھال سمیت ہو گی، قصائی کا انتظام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔
بھارت کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 113 رنز تک محدود رہی۔