یو اے ای میں پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کیلئے ویزا چھوٹ کا نفاذ

اسلام آباد/ابوظہبی (نمائندہ خصوصی)پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تمام ہوائی اڈوں پر پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس رکھنے والے افراد کیلئے ویزا چھوٹ کا باضابطہ نفاذ 25 جولائی 2025 سے کر دیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ یو اے ای کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ہونے والے اہم معاہدے کے تحت یہ سہولت دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

اسحٰق ڈار نے معاہدے کو “دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت” قرار دیا۔ ان کے مطابق اس معاہدے کو مؤثر بنانے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے تھے، جس کا نفاذ دستخط کے 30 روز بعد سے ہو رہا ہے۔

وزیر خارجہ کے بیان کے مطابق”یو اے ای حکام نے آگاہ کیا ہے کہ 25 جولائی 2025 سے پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا چھوٹ یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر فعال ہو چکی ہے۔”اسی معاہدے کے تحت، اماراتی شہریوں کو بھی پاکستانی ہوائی اڈوں پر سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر یہی ویزا فری سہولت حاصل ہوگی۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور لاکھوں پاکستانی وہاں ملازمت کر رہے ہیں۔

جون 2025 میں اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان-یو اے ای جوائنٹ منسٹریل کمیشن (JMC) کے 12ویں اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے باہمی ویزا چھوٹ سے متعلق MoU پر دستخط کیے تھے۔

اس ماہ کے اوائل میں، یو اے ای کے وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النہیان نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کے دوران پاکستانیوں کیلئے ویزا پراسیس کو تیز کرنے کا یقین دلایا تھا۔

محسن نقوی نے زور دیا تھا کہ”ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی شہری آسانی سے یو اے ای آ سکیں۔ ویزا پالیسی میں نرمی پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت کا باعث بنے گی۔”

پاکستانی حکومت کی جانب سے اس اقدام کو ایک اہم سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید فروغ دے گا، بالخصوص سرکاری و سفارتی سطح پر باہمی دوروں، مذاکرات اور تعاون میں آسانی پیدا کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں