ابوظہبی (بیورورپورٹ)متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو یواےای حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کو دیا جانیوالا سب سے بڑا سول ایوارڈ “فرسٹ کلاس آرڈر آف زید دوم” عطا کیا گیا۔
یہ ایوارڈ یواےای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے پاکستانی سفیر کو ان کی شاندار خدمات اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اعتراف میں دیا گیا۔ایوارڈ دینے کی تقریب میں فیصل نیاز ترمذی کو یہ اعزاز وزارتِ خارجہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور خلیفہ المرار نے پیش کیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی گزشتہ تین سالوں سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کے دورِ سفارت میں پاک۔یواےای تعلقات میں نمایاں بہتری آئی، بالخصوص تجارتی، سفارتی اور عوامی سطح پر روابط مزید مضبوط ہوئے۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی لازوال دوستی کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے یواےای کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ایوارڈ کو دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام کی علامت سمجھتے ہیں۔

