یورو کپ فائنل میں شکست، انگلش فٹبال ٹیم منیجر کا مستعفی ہونے کا اعلان

انگلینڈ کی یورو کپ کے فائنل میں شکست کے بعد انگلش فٹبال ٹیم کے منیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔

گیرتھ ساؤتھ گیٹ کے دور میں انگلش فٹبال فیفا ورلڈ کپ 2018 کے سیمی فائنل میں کروشیا سے شکست ہوئی، 2022 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں اسے فرانس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔

گیرتھ ساؤتھ گیٹ کی کوچنگ اور منیجر شپ میں یورو کپ کے مسلسل دو فائنلز میں انگلش ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

2020 کے فائنل میں اٹلی نے پنالٹیز پر تین دو سے ہرایا اور حال ہی میں جرمنی میں ہونے والے فائنل میں اسپین نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ یہ تبدیلی اور نئے باب کے آغاز کا وقت ہے، بطور منیجر اسپین کے خلاف یورو کپ کا فائنل ان کا آخری میچ تھا۔

53 سالہ ساؤتھ گیٹ کے تقریباً آٹھ سالہ دور میں انگلش ٹیم نے 102 میچزکھیلے، 61 میچز میں کامیابی حاصل کی، 24 ڈرا ہوئے جبکہ 17 میچز میں انگلینڈ کو شکست کا سامنا رہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں