یورپی یونین کا مسافروں کے حقوق پر بڑا فیصلہ: ہینڈ بیگز پر کوئی اضافی چارج نہیں لیا جائیگا

برسلز(بیورورپورٹ) یورپی پارلیمنٹ نے فضائی مسافروں کیلئے حقوق سے متعلق ایک اہم قانون سازی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب مسافروں سے ہینڈ بیگز کیلئے کوئی اضافی معاوضہ نہیں لیا جائے گا۔

یہ فیصلہ ایک جامع مسافروں کے حقوق پیکیج کے تحت کیا گیا، جسے پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے منظور کیا۔ اس قانون کا مقصد فضائی سفر کے دوران صارفین کے تحفظ کو بہتر بنانا ہے، خاص طور پر کم قیمت ایئرلائنز کی جانب سے ہینڈ لگیج پر خفیہ چارجز کی شکایات کے بعد یہ اقدام سامنے آیا۔

ہینڈ بیگ مفت – تمام فضائی کمپنیوں پر لازم ہوگا کہ وہ مسافروں کو ہینڈ بیگ بغیر کسی اضافی فیس کے ساتھ لے جانے کی اجازت دیں۔

تاخیر شدہ پروازوں پر خودکار معاوضہ – اگر پرواز تاخیر کا شکار ہو تو مسافر کو خودکار طور پر معاوضہ دیا جائے گا، شکایت درج کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

آن لائن بکنگ سائٹس پر شفافیت – بکنگ ویب سائٹس پر کرایوں، ٹیکسز، اضافی چارجز اور شرائط کی واضح معلومات فراہم کرنا لازم ہوگا۔

12 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ سیٹ مفت – اب چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے والدین کو اضافی سیٹ فیس نہیں دینا پڑے گی۔

یورپ سے باہر کی ایئرلائنز پر بھی یہی قوانین لاگو – غیر یورپی ایئرلائنز جو یورپ سے یا یورپ تک پرواز کرتی ہیں، ان پر بھی یہ اصول لاگو ہوں گے۔

اگرچہ یورپی پارلیمنٹ نے اس پیکیج کو منظور کر لیا ہے، لیکن اس کے اطلاق کے لیے یورپی کونسل کی منظوری درکار ہے، جہاں کچھ شقوں پر اختلاف موجود ہے۔ کونسل کی جانب سے تاخیر شدہ پروازوں پر معاوضے کی مدت بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جس پر پارلیمنٹ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

یورپی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ”ہم مسافروں کے حقوق کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، اور بغیر کسی بہتری کے کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔”

اس اقدام کو یورپی عوام اور صارفین کے حقوق کی تنظیموں نے سراہا ہے۔ ‘بی ای یو سی’ (یورپی صارفین کی تنظیم) نے اسے “مسافروں کے حقوق کی بحالی اور اعتماد کی علامت” قرار دیا ہے۔

اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ یورپی کونسل مذاکرات میں کس حد تک لچک دکھاتی ہے، لیکن پارلیمنٹ کا موقف واضح ہے: مسافروں کا حق، ان کی سہولت سے کم کسی صورت نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں