“یہ ایک سنگین غلطی ہے”نواز شریف کا ایران پر اسرائیلی حملے پر ردعمل

لندن(نمائندہ خصوصی)— پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے موجودہ دور کی ایک “بہت بڑی غلطی” قرار دیا ہے۔

نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا”آج کے جدید، باہمی انحصار پر مبنی اور سفارت کاری کو ترجیح دینے والے عالمی نظام میں اس طرح کا جارحانہ حملہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ ایران پر حملہ کسی بھی صورت میں بین الاقوامی ضوابط اقوام متحدہ کے منشور، اور خطے کے امن و استحکام کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ”اسرائیل نے ایک ایسا قدم اٹھایا ہے جس کے نتائج صرف ایران یا اسرائیل تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ ایک خطرناک جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔”

نواز شریف نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سفارتی اقدامات اٹھائیں تاکہ مزید خونریزی روکی جا سکے اور فریقین کو بات چیت اور تحمل کی راہ پر لایا جائے۔

سابق وزیر اعظم نے اس موقع پر پاکستان کے دیرینہ اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے بین الاقوامی قوانین کے احترام، ریاستوں کی خودمختاری اور پرامن بقائے باہمی کے حق میں آواز بلند کرتا رہا ہے۔”ہم جنگوں کے نہیں، امن کے داعی ہیں۔”

نواز شریف نے دنیا کو خبردار کیا کہ اگر عالمی ضمیر نے بروقت کردار ادا نہ کیا تو اس اقدام کے سنگین نتائج پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں اور تاریخ ایک بار پھر انسانیت کے خاموش تماشائی ہونے کی سزا دے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں