اسرائیلی مندوب کی اسٹارلنک دینے کی کوشش، ناصر اسدی نے نظرانداز کردیا

نیویارک (انادولو ایجنسی، انڈیا ٹوڈے) اسرائیل کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈینی ڈانون نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی سفارت کار ناصر اسدی کو اسٹارلنک کا سیٹلائٹ انٹرنیٹ آلہ دینے کی کوشش کی، تاہم ایرانی سفارت کار نے اسے نظرانداز کردیا اور آلہ لینے سے انکار کردیا۔

انادولو ایجنسی کے مطابق ڈینی ڈانون ایرانی وفد کی نشست کے قریب پہنچے اور ناصر اسدی کو آلہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسے تہران لے جائیں، یہ ایران میں ان کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ناصر اسدی نے اسرائیلی مندوب کی بات کا جواب نہیں دیا اور ان کی جانب سے پیش کیا گیا آلہ قبول نہیں کیا۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران اسٹارلنک کا یہی آلہ دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایران میں انٹرنیٹ کی حکومتی پابندیوں اور نگرانی سے بچنے کیلئےاستعمال کیا جاسکتا ہے۔واقعے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں ڈینی ڈانون کو ایرانی سفارت کار کے پاس آلہ لے کر جاتے جبکہ ناصر اسدی کو ان کی پیشکش نظرانداز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔