ایتھنز (رائٹرز، اے ایف پی، سی بی ایس) یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے تاریخی اور سیاحتی علاقے پلاکا میں دھماکے کے نتیجے میں 2 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، جس کے ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
رائٹرز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4 امریکی سیاح جبکہ ایک برطانوی شہری اور اس کی یونانی اہلیہ شامل ہیں۔ عمارت میں موجود امریکی شہری سیاحتی قیام کے لیے کرائے پر مکان میں ٹھہرے ہوئے تھے، جبکہ برطانوی شہری اور اس کی اہلیہ عمارت کی دوسری منزل پر رہتے تھے۔
دھماکا پلاکا کے علاقے میں جمعہ کی صبح ہوا، جو ایکروپولس اور دیگر تاریخی مقامات کے قریب واقع ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
یونانی حکام کے مطابق دھماکے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ایتھنز کے میئر حارث دوکاس نے ابتدائی طور پر اسے گیس کے نظام سے منسلک ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
امدادی کارکنوں نے ملبے سے لاشیں نکالنے کے لیے سراغ رساں کتوں، کیمروں اور دیگر خصوصی آلات کا استعمال کیا، جبکہ فائر بریگیڈ کی تفتیشی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے۔

