لندن (رائٹرز) برطانیہ میں لندن انڈر گراؤنڈ کے ٹرین ڈرائیوروں کیلئےہفتے میں چار دن کام کرنے کی مجوزہ پالیسی پر تنازع شدت اختیار کرگیا، جس کے بعد ریلوے، میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ یونین نے نومبر 2026ء سے فروری 2027ء تک 8 روزہ ہڑتالوں کا اعلان کردیا۔
یونین کے مطابق ہڑتالوں کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا، جبکہ مزید ہڑتالیں 17 اور 19 دسمبر، 4 اور 6 جنوری، 17، 23 اور 25 فروری کو ہوں گی۔ ہر ہڑتال دوپہر 12 بجے شروع ہو کر 24 گھنٹے جاری رہے گی۔
یونین کا کہنا تھا کہ لندن انڈر گراؤنڈ انتظامیہ چار روزہ ہفتے کے نام پر کام کے نئے ضابطے نافذ کرنا چاہتی ہے، جن کے تحت ڈرائیوروں کو ٹرینیں چلانے میں زیادہ وقت گزارنا پڑے گا، ڈیوٹی کے اوقات طویل ہوں گے اور انہیں پہلے کام پر آنا اور دیر سے چھٹی کرنا پڑے گی۔ اس کے علاوہ شفٹوں میں مختصر نوٹس پر تبدیلی، سالانہ چھٹیوں اور تبادلوں کے موجودہ حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یونین نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ مجوزہ تبدیلیوں کے نتیجے میں سیکڑوں ملازمتیں ختم کی جا سکتی ہیں۔ آر ایم ٹی کے جنرل سیکریٹری ایڈی ڈیمپسی نے کہا کہ انتظامیہ چار روزہ ہفتے کو رضاکارانہ سہولت قرار دے رہی ہے، لیکن اس کے ذریعے ڈرائیوروں کے موجودہ حقوق اور ملازمت کے تحفظ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ٹرین ڈرائیوروں کی ایک اور بڑی یونین ایسلف نے ہڑتال کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ چار روزہ ہفتے سے ڈرائیوروں کو سالانہ 35 اضافی چھٹیاں مل سکتی ہیں اور ان کا ہفتہ وار دورانیۂ کار 34 گھنٹے ہوگا۔
لندن انڈر گراؤنڈ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ڈرائیوروں کو پانچ روزہ ہفتے پر کام جاری رکھنے اور اپنے موجودہ ڈپو میں رہنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے آر ایم ٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تجویز کو اپنے ارکان کے سامنے رکھے۔اعلان کردہ ہڑتالوں کے باعث لندن میں کرسمس سے قبل خریداری کے مصروف دنوں اور نئے سال کے آغاز پر زیرِ زمین ریل سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

