سکھر (نمائندہ خصوصی) سکھر کی نیو لیبر کالونی میں بھیک مانگنے والی 12 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے پر پولیس نے 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق واقعہ سائٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
بچی لیبر کالونی کے قریب بے ہوشی کی حالت میں ملی، اسے مبینہ طور پر ہوٹل لے جایا گیا، دو پڑوسی خواتین اسے بھیک مانگنے کیلئے ساتھ لے جاتی تھیں اور واقعے کے روز بھی وہ انہی خواتین کے ساتھ گئی تھی۔ مقدمے میں ہوٹل مالک اور ملازمین سمیت 6 مردوں اور 2 خواتین کو نامزد کیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی سائٹ کے مطابق پولیس نے شکایت موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔

