نیویارک (اے این آئی، انڈین ایکسپریس، انڈیا ٹوڈے) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردی کا مسلسل مرتکب قرار دیا اور کہا کہ بھارت کو دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
ایس جے شنکر نے کہا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کا مسلسل مرتکب ایک ملک نے جنرل اسمبلی کے سامنے حقائق کو مسخ کیا اور دہشت گردی کو معمول بنانے اور اس کے نتائج سے استثنیٰ حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بھارت اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرے گا، دوستی اور خیرسگالی دہشت گردی کے ساتھ نہیں چل سکتی اور دہشت گردی جاری رکھنے والے فریق کو اپنا طرز عمل تبدیل کرنا ہوگا۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ ہے اور سرحد پار مقاصد کے لیے ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی عالمی نظام کے لیے براہ راست چیلنج ہے۔ انہوں نے دہشت گردی میں ملوث حکومتوں کو جواب دہ بنانے اور اس کی مالی معاونت کے ذرائع کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔
ایس جے شنکر نے غزہ اور مغربی ایشیا کی صورتحال کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگوں کے اثرات ان ممالک تک بھی پہنچ رہے ہیں جو براہ راست تنازع کا حصہ نہیں۔ انہوں نے خلیج میں جاری کشیدگی، تجارتی جہازوں اور بحری عملے کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقوں سے تحمل اور کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے روس یوکرین جنگ کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بھارت امن کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب کے بعد بھارتی سفارت کار پیٹل گہلوت نے بھی پاکستان کے مؤقف پر جواب دیتے ہوئے دہشت گردی کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

