جارجیا (بین الاقوامی میڈیا) امریکی ریاست جارجیا میں یونیورسٹی آف جارجیا کی 21 سالہ طالبہ کرسٹن سارجنٹ رقص کے دوران اپارٹمنٹ کی 8ویں منزل کی کھڑکی سے گرنے کے باوجود زندہ بچ گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق کرسٹن سارجنٹ ایتھنز شہر میں ویسٹ براڈ اسٹریٹ پر واقع رمبلر ایتھنز اپارٹمنٹ کمپلیکس میں اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی کے قریب صوفے پر رقص کر رہی تھیں کہ اچانک کھڑکی کی جالی سے نیچے جاگریں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق طالبہ عمارت کی دوسری منزل پر موجود سوئمنگ پول کے احاطے میں گریں، جہاں گرنے کے دوران ایک دھاتی بینچ سے ٹکرانے کے شواہد بھی ملے۔ بینچ کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ اس کے گدے پر خون کے نشانات پائے گئے۔
حادثے کے بعد امدادی اہلکاروں نے کرسٹن سارجنٹ کو اسپتال منتقل کیا۔ ان کے والد رچرڈ سارجنٹ کے مطابق ان کی بیٹی انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہے، متعدد چوٹوں کے باوجود ہوش میں ہے اور بات چیت بھی کر رہی ہے۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ کرسٹن کھلی کھڑکی کے قریب صوفے یا گدے پر رقص کر رہی تھیں، جس دوران وہ کھڑکی کی جالی سے باہر جاگریں۔پولیس کے مطابق دستیاب شواہد سے واقعہ حادثاتی معلوم ہوتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ اپارٹمنٹ انتظامیہ نے رہائشیوں کو کھڑکیوں میں نصب حفاظتی آلات سے چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

