غزہ (الجزیرہ، وفا) غزہ سٹی میں 2023 کے اسرائیلی حملوں کے دوران تباہ ہونے والی رہائشی عمارتوں کے ملبے سے ملنے والے 105 فلسطینیوں کی اجتماعی تدفین کردی گئی۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق الیرموک کے علاقے میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے نکالی گئی لاشوں پر اہل خانہ اور شہریوں نے نمازِ جنازہ ادا کی، جس کے بعد میتوں کو شیخ رضوان کے علاقے میں واقع شہداء قبرستان منتقل کرکے سپرد خاک کردیا گیا۔
الجزیرہ کے مطابق یہ لاشیں الیرموک کے علاقے میں تباہ ہونے والی رہائشی عمارتوں کے ملبے سے نکالی گئیں۔ فلسطینی سول ڈیفنس نے بتایا کہ لاشیں نکالنے کا کام مصری اور بین الاقوامی امدادی ٹیموں کے تعاون سے کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق ملبے سے ملنے والی لاشوں میں 37 بچے اور 38 خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ عمارتیں اکتوبر 2023 میں غزہ پر شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے ابتدائی دنوں میں تباہ ہوئی تھیں۔
تازہ رپورٹس کے مطابق غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے اب بھی ہزاروں افراد کی لاشیں موجود ہونے کا اندازہ ہے، جبکہ ملبہ ہٹانے کا عمل انتہائی مشکل اور طویل قرار دیا جا رہا ہے۔

