دبئی:فلائی دبئی نے اسرائیل کیلئے تمام پروازیں معطل کردیں

دبئی (رائٹرز) دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز ایف زیڈ 1073 میں پیش آنے والے سنگین واقعے کے بعد اماراتی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے اسرائیل کے لیے تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔

فلائی دبئی کے ترجمان کے مطابق 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے واقعے کے بعد متعلقہ حکام سے مشاورت کرتے ہوئے اسرائیل کے لیے آنے جانے والی پروازیں تحقیقات جاری رہنے تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق پرواز ایف زیڈ 1073 میں شریک پائلٹ نے مبینہ طور پر کپتان پر حملہ کیا، جس کے بعد طیارے نے ہنگامی طور پر سعودی عرب کے شہر تبوک میں لینڈنگ کی۔ مسافروں اور عملے نے حملہ آور کو قابو کرنے میں مدد کی، جبکہ متبادل عملے نے طیارے کو بحفاظت اتارا۔

فلائی دبئی نے کہا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت، صحت اور بہبود اس کی اولین ترجیح ہے اور کمپنی متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر سرکاری تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق واقعے کی وجوہات اور محرکات کا تعین تحقیقات کے ذریعے کیا جائے گا۔

ایئر لائن نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ممکنہ حد تک مدد اور متبادل سفری انتظامات فراہم کیے جائیں گے۔ تحقیقات میں پیش رفت کے بعد اسرائیل کے لیے پروازوں کی معطلی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔