ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے) لی فیئرکلاف اونٹاریو کی وزارتِ اعلیٰ کیلئےبہتر امیدوار ہیں.اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کی دوڑ سے دستبردار ہونے والے ایرک لومبارڈی نے رکن صوبائی اسمبلی لی فیئرکلاف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت اور صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کیلئے اپنا امیدوار قرار دے دیا۔
ایرک لومبارڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوان اور غیر منتخب امیدوار کی حیثیت سے قیادت کی دوڑ میں شامل ہونا ایک مشکل مرحلہ تھا، جبکہ انہیں اس بات پر بھی کافی اعتماد نہیں تھا کہ وہ انتخابی مہم کے اختتام تک قرض لیے بغیر مطلوبہ فنڈز جمع کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی انتخابی مہم اور پیش کیے گئے خیالات پر فخر ہے۔ ان کے مطابق مہم کے دوران معاشی ترقی، قابل برداشت رہائش، بنیادی ڈھانچے کے اخراجات، عوامی خدمات اور نوجوانوں کیلئے مواقع سمیت اہم معاملات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
لومبارڈی نے کہا کہ ان کی مہم کا اختتام دراصل ایک نئے آغاز کا نقطۂ آغاز ہے اور وہ اونٹاریو، کینیڈا اور لبرل پارٹی کے لیے خدمات انجام دینے کے مزید مواقع تلاش کرتے رہیں گے۔
انہوں نے لی فیئرکلاف کی قیادت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رویے، عزم اور صلاحیت نے انہیں ان کی قیادت پر اعتماد کرنے پر آمادہ کیا ہے۔ لومبارڈی نے معاشی، رہائشی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق امور پر لی فیئرکلاف کی مشاورت کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔
ایرک لومبارڈی کی دستبرداری کے بعد اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کی دوڑ میں لی فیئرکلاف سمیت 4 امیدوار باقی رہ گئے ہیں۔ پارٹی کے نئے سربراہ کا اعلان 21 نومبر کو کیا جائے گا۔

