ڈی آئی خان میں دھماکے کے زخمیوں کی ایمبولینس پر فائرنگ، 2 ریسکیو اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندگان) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 ریسکیو اہلکار شہید ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے زخمیوں کو درازندہ سے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے والی ایمبولینس کو درابن کے قریب نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمبولینس پر فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی شروع کردی، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔درازندہ میں اس سے قبل مبینہ خودکش دھماکے میں 2 سالہ بچے اور 2 خواتین سمیت 12 افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے محافظوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔