تل ابیب( اسرائیلی میڈیا)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص کے بعد علاج مکمل ہونے پر صحتیاب قرار دے دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے انکشاف کیا کہ انہیں ابتدائی مرحلے کا پروسٹیٹ کینسر لاحق تھا جو بروقت تشخیص کے بعد مکمل طور پر علاج کر لیا گیا۔
76 سالہ اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق دسمبر 2024 میں انہوں نے پروسٹیٹ کے بڑھنے کے باعث سرجری کروائی تھی، تاہم حالیہ طبی معائنے کے دوران ایک چھوٹا مہلک ٹیومر سامنے آیا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری ڈاکٹروں کی رپورٹس کے مطابق کینسر ابتدائی مرحلے میں تھا اور جسم کے دیگر حصوں میں اس کے پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے، جبکہ دیگر تمام ٹیسٹ نتائج بھی تسلی بخش رہے۔
نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اب مکمل طور پر صحت مند ہیں اور پروسٹیٹ سے متعلق مسئلہ ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے اپنی سالانہ میڈیکل رپورٹ جاری کرنے میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ اسے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا جائے۔

