اسلام آباد:25 کلو واٹ تک کے سولر صارفین کیلئے لائسنس کی شرط ختم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 25 کلو واٹ اور اس سے کم صلاحیت کے سولر صارفین کیلئے لائسنس حاصل کرنے کی شرط ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر پاور اویس لغاری کی خصوصی ہدایت پر سامنے آئی، جن کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیپرا کو اس معاملے پر باقاعدہ خط لکھا تھا۔اعلامیے کے مطابق پاور ڈویژن نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 25 کلو واٹ یا اس سے کم کے گھریلو اور چھوٹے صارفین کیلئے لائسنس کی شرط ختم کی جائے، جس پر نیپرا نے منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اس سے قبل وزارت توانائی کی جانب سے سولر سسٹم لگوانے والے تمام صارفین کیلئے نیپرا لائسنس لازمی قرار دیا گیا تھا، جس پر عوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔دوسری جانب ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ لائسنس سے متعلق قواعد و ضوابط نیپرا کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور ڈسکوز ان پر عمل درآمد کراتی ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کے احکامات کو لائسنس سے جوڑنا درست نہیں۔