اقتصادی رابطہ کمیٹی کی خیبر پختونخوا کو 50 ہزار میٹرک ٹن اضافی گندم فراہم کرنے کی منظوری

اسلام آباد(نامہ نگار) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں اور اداروں کیلئے مالی منظوریوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کو 50 ہزار میٹرک ٹن اضافی گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی، جو 4 ہزار 150 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔

ای سی سی نے وزارت اطلاعات کے لیے 2 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی، جو عوامی آگاہی مہمات اور تشہیری سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔

کمیٹی نے سپارکو کے خلائی منصوبوں کے لیے 86 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی، جس سے پاکستان میں ڈیپ اسپیس آبزرویٹریز اور انسانی خلائی مشن منصوبوں کو فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے لیے 64 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی، جو حفاظتی آلات اور مواصلاتی نظام کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے مزدوروں کے معاوضہ پیکیج کے لیے 5 ارب روپے منظور کیے، جبکہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے انتظامات کے لیے ایک کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔