امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کیخلاف احتجاج، سلمان خان نے طلبہ کی حمایت کر دی

ممبئی (بھارتی میڈیا) بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کیخلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ ایک پُرامن تحریک پُرتشدد صورت اختیار کر گئی۔

سلمان خان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ان کی ہمدردیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک ہونا ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور یہ حوصلہ افزا امر ہے کہ ملک بھر کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہوئے جبکہ ان کے والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اداکار نے طلبہ کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان محنت کے ذریعے اپنا مستقبل اور ایک تعلیم یافتہ بھارت تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول طلبہ کا احتجاج پُرامن تھا اور انہوں نے ذمہ داری اور ہمت کا مظاہرہ کیا، یہی نوجوان مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

سلمان خان نے کہا کہ یہ معاملہ طلبہ اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا اصل کریڈٹ صرف طلبہ کو جانا چاہیے اور انہیں امید ہے کہ اس معاملے کا مثبت حل نکلے گا تاکہ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند تمام طلبہ کامیاب ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم حاصل کرنے کا رجحان اور شوق اس قدر بڑھنا چاہیے کہ بیرونِ ملک سے بھی طلبہ بھارت میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آئیں۔