امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کا 2027 تک زیرِ آب ڈرونز کی تیاری کا اعلان

سنگاپور( غیر ملکی میڈیا)امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے سمندری سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئےجدید زیرِ آب ڈرونز تیار کرنے کے ایک بڑے مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے، جنہیں 2027 تک عملی استعمال کیلئےتیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اعلان سنگاپور میں منعقدہ ایک سیکیورٹی کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ یہ منصوبہ تینوں ممالک کے دفاعی اتحاد کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے، جو 2021 میں قائم ہوا تھا۔اس منصوبے کا مقصد زیرِ سمندر اہم تنصیبات جیسے مواصلاتی کیبلز، گیس اور تیل کی پائپ لائنز اور دیگر حساس ڈھانچوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔

برطانوی وزیرِ دفاع جان ہیلی نے کہا کہ جدید دور میں سلامتی کے لیے ٹیکنالوجی اور قریبی اتحادیوں کے ساتھ تعاون ناگزیر ہو چکا ہے، اور یہ منصوبہ نہ صرف دفاعی صلاحیت کو بہتر بنائے گا بلکہ دفاعی صنعت کی ترقی میں بھی کردار ادا کرے گا۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ پہلے ہی 2025 میں ایک علیحدہ پروگرام کا اعلان کر چکا ہے جس کے تحت خودکار بحری جہاز، مصنوعی ذہانت اور جدید نظاموں کے ذریعے زیرِ سمندر انفراسٹرکچر کی نگرانی اور حفاظت کی جائے گی۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ اقدامات روسی آبدوزوں اور سمندری سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر کیبلز اور پائپ لائنز عالمی انٹرنیٹ، توانائی اور مواصلاتی نظام کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور ان کو نقصان پہنچنے کی صورت میں عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔