امریکا: خاتون ڈرائیور کی غلطی سے لاکھوں ڈالر مالیت کی نئی لامبورگینی تباہ

فلوریڈا (خبر ایجنسیاں)امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک حیران کن حادثے میں ایک پک اپ ٹرک کی خاتون ڈرائیور نے غلطی سے لاکھوں ڈالر مالیت کی نئی لامبورگینی کے اوپرچڑھادیا۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ گاڑی کے مالک رامون فیرر اپنی لامبورگینی گاڑی کو جم کے پارکنگ ایریا میں کھڑا کرنے کیلئے جگہ تلاش کر رہے تھے کہ اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لامبورگینی ڈرائیور گاڑی ریورس کر رہا تھا کہ اچانک ایک پک اپ ٹرک موڑ کاٹتے ہوئے اس کی گاڑی پر چڑھ گیا۔

مالک کے مطابق وہ چند لمحوں میں گاڑی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹرک کا حصہ گاڑی کے ستون میں نہ پھنس جاتا تو نقصان مزید سنگین ہو سکتا تھا۔

متاثرہ شخص نے بتایا کہ گاڑی کو صرف پانچ ماہ قبل خریدا تھا اور حادثے پر وہ شدید دل برداشتہ ہیں۔لامبورگینی گاڑی کو مرمت کیلئے ورکشاپ منتقل کر دیا گیا ہے۔