اوسلو:فیشن شو میں پاکستانی ملبوسات کی نمائش، سفیر عاصم علی خان کی شرکت

اوسلو (خبر ایجنسیاں) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ووایج آف کریشن کے زیر اہتمام فیشن شو منعقد ہوا، جس میں ماڈلز نے پاکستانی اور نارویجن ملبوسات زیب تن کرکے ریمپ پر واک کی۔ تقریب میں پاکستانی ثقافت اور ملبوسات کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔

فیشن شو میں پاکستان کے سفیر عاصم علی خان، اوسلو کی میئر اننے لند بوئیے، مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان کے سفیر عاصم علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فیشن شو نے اوسلو میں پاکستانی ثقافت کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ملبوسات کو جس خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔

عاصم علی خان نے فیشن شو کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ثقافتی تشخص کو نمایاں کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

فیشن شو کی میزبانی اظفر رحمان نے کی، جبکہ ملبوسات پیش کرنے والے ڈیزائنرز میں ایمبلا، مہا، زری محل اور خدا بخش بائی رشید سدھو سمیت دیگر ڈیزائنرز شامل تھے۔ تقریب میں پاکستانی اور نارویجن ملبوسات کی نمائش کے ذریعے دونوں ثقافتوں کے رنگ پیش کیے گئے۔