ایتھنز (ای کاتھیمیرینی، اسکائی نیوز یونان، دی گریک ہیرالڈ) یونان میں ستمبر 2023 میں آنے والے مہلک طوفان “ڈینیئل” کے باعث شدید نقصان اٹھانے والا پالائیو پیرگوس پل سرکاری ریکارڈ میں ناقابلِ استعمال قرار دیے جانے کے باوجود آج بھی مقامی افراد اور بعض سیاحوں کی آمدورفت کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کے دوران تھیسالی کے علاقے میں درجنوں پل متاثر ہوئے تھے، جن میں پالائیو پیرگوس پل بھی شامل تھا، جو درمیان سے بیٹھ گیا اور شدید نقصان کا شکار ہوا۔ یہ پل ٹیمپی اور اگیا کی ساحلی آبادیوں کو آپس میں ملانے والا اہم راستہ ہے۔
سرکاری طور پر 2023 میں اس پل کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متبادل راستہ اختیار کرنے سے کئی کلومیٹر اضافی سفر کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث متعدد ڈرائیور انتباہی بورڈز نظر انداز کرتے ہوئے آج بھی اسی پل سے گزرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نیویگیشن ایپس اور نقشوں کی وجہ سے بعض سیاح بھی اس پل تک پہنچ جاتے ہیں، جن میں سے کچھ واپس لوٹ جاتے ہیں جبکہ بعض خطرہ مول لے کر گاڑی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔

