ایران کے ہار مانتے ہی تیل کی قیمتیں گر جائیں گی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (رائٹرز، ایکسیوس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جلد ہار مان جائے گا اور اس کے ساتھ ہی تیل کی قیمتیں گر جائیں گی۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمز سے ریکارڈ مقدار میں تیل کی ترسیل ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ہفتے کے اختتام پر آبنائے ہرمز سے 20 ملین بیرل سے زیادہ تیل منتقل ہوا، جبکہ امریکی دفاعی حکام نے بھی جمعہ کی رات تقریباً 22 ملین بیرل تیل آبنائے سے گزرنے کی تصدیق کی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا میں تیل کی قیمتیں اب بھی سابق صدر جو بائیڈن کے دور حکومت کے مقابلے میں کم ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ توقع ہے کہ امریکی مذاکرات کار رواں ہفتے ایران کے ساتھ مزید بات چیت کریں گے۔ ان کے بقول ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران جو معاہدہ چاہتا ہے وہ امریکا کیلئے قابل قبول نہیں۔

ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جوہری مذاکرات بحال کرنے کے لیے 7 روزہ منصوبہ پیش کیا تھا، جسے ٹرمپ نے مسترد کردیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران اب بھی سفارتی حل کے لیے تیار ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے باوجود امریکا اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ادھر آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں حالیہ دنوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی پر دباؤ برقرار ہے۔

رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے کے قریب 5 افراد کی گرفتاری کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی اور برطانوی حکام کافی عرصے سے ان افراد پر نظر رکھے ہوئے تھے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا، کیونکہ وہ امریکا کو بڑا نقصان پہنچانے کی کوشش میں تھے۔