ناگویا (بھارتی میڈیا) بھارتی ہاکی امپائر اور تکنیکی عہدیدار گُرِندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی متعدد شکایات کے بعد جاپان سے واپس بھارت بھیج دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گُرِندر سنگھ سنگھا نے ناگویا میں قیام کے دوران ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ایک ہوٹل ملازم کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کیا۔
ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ملائیشیا کی ایک خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کو 2 روز قبل واپس بھارت بھیج دیا گیا۔
عہدیدار کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن سے تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایشین ہاکی فیڈریشن کی رپورٹ منفی ہوئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اگر وہ قصوروار پائے گئے تو انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔ایشین گیمز میں ہاکی مقابلوں کے لیے امپائرز اور تکنیکی عہدیداروں کا تقرر ایشین ہاکی فیڈریشن کرتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف ایسی شکایت سامنے آئی ہو۔ 2025ء میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔
بعدازاں ہاکی انڈیا نے الزامات کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم تحقیقات کے دوران کمیٹی کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا تھا۔

