“بز لنک “کے ذریعہ کاروباری برادری کو قریب لائینگے: فوزیہ فصیح

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)بانی و سی ای او “بز لنک”فوزیہ فصیح نے کہا ہے کہ ان کا مقصد کمیونٹی میں کاروباری افراد اور نئے آنیوالے سرمایہ کاروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا ہے تاکہ مشترکہ ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک یونیورسٹی گریجویٹ، ماں، بیوی اور کاروباری شخصیت کے طور پر مختلف ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں، جبکہ بطور مصنف اور انسانیت کی خدمت پر بھی یقین رکھتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بز لنک ایک ایسا نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے جہاں کاروباری افراد، پیشہ ور حضرات اور سرمایہ کار ایک باہمی تعاون کے ماحول میں جڑتے ہیں، تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں اور نئے مواقع تلاش کرتے ہیں۔

فوزیہ فصیح کے مطابق بز لنک کا مشن کاروبار کو بڑھانا، بامعنی روابط قائم کرنا اور اسٹریٹجک تعاون کے مواقع پیدا کرنا ہے، تاکہ ایک مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے کاروبار کو اگلے درجے تک لے جایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بز لنک کے ایونٹس کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ وہ محض تعارف تک محدود نہ رہیں بلکہ دیرپا تعلقات اور عملی نتائج کا ذریعہ بنیں۔

“بزلنک”کی اس تقریب میں مسی ساگا.ایرن ملز سے رکن صوبائی اسمبلی اور وزیرِ محنت، امیگریشن، ٹریننگ و اسکلز ڈویلپمنٹ کے پارلیمانی معاون شریف صباوی بھی موجود تھے، جنہوں نے کاروباری برادری کے درمیان روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

معروف کاروباری شخصیت اور ڈکسی الیکٹرونکس اینڈ ایملائنسزکے روح رواں سلیم چوہدری بھی شریک ہوئے۔بیرسٹر صنوبَر ناز اور شاہینہ کشور نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور کمیونٹی میں باہمی تعاون کو سراہا۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری افراد کو نہ صرف ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ نئے مواقع اور شراکت داریوں کی راہیں بھی ہموار ہوتی ہیں۔