واشنگٹن (این بی سی، بلوم برگ، ایکسیوس) مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت اتنی طاقتور ہو سکتی ہے کہ اس کے غلط استعمال سے ایسے واقعات رونما ہوسکتے ہیں جن میں ایک ارب افراد ہلاک ہوجائیں۔
این بی سی کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ کے لیے ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ایسے واقعات کو جنم دینے کے لیے یقینی طور پر کافی طاقتور ہے جن میں ایک ارب اموات ہوسکتی ہیں۔
بل گیٹس نے کہا کہ بدنیتی رکھنے والے افراد کی جانب سے جدید مصنوعی ذہانت کے آلات کے استعمال کا امتزاج ماضی کے کسی بھی ہتھیار سے زیادہ طاقتور ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے ازخود نگرانی کافی نہیں، حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیاست دانوں کو بھی اس ٹیکنالوجی کے حفاظتی اقدامات اور نگرانی کے طریقہ کار پر کام کرنا ہوگا۔
بل گیٹس نے حکومتوں اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کے بے قابو ہونے سے پہلے اس کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔
بل گیٹس نے اگست میں بھی مصنوعی ذہانت کے بارے میں اپنے ایک مضمون میں خبردار کیا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی انسانوں کے لیے بڑے فوائد کے ساتھ سنگین خطرات بھی پیدا کرسکتی ہے اور بدنیت عناصر اسے سائبر حملوں، فراڈ، گمراہ کن معلومات اور دیگر بڑے پیمانے پر نقصانات کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

