ممبئی(خبر ایجنسیاں)بھارتی شہر ممبئی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد پر اسرار طور پر جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد فوڈ پوائزننگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ عبداللہ عبدالقادر، ان کی 35 سالہ اہلیہ نسرین، 16 سالہ بیٹی عائشہ اور 13 سالہ بیٹی زینب ہفتے کی رات اہل خانہ کے ساتھ بریانی کھانے کے بعد گھر واپس آئے تھے۔ بعد ازاں رات تقریباً ایک بجے انہوں نے تربوز کھایا۔
کچھ گھنٹوں بعد تمام افراد کی طبیعت بگڑ گئی اور صبح تقریباً 5 بجے انہیں شدید قے اور دست شروع ہوگئے۔ ابتدائی طور پر مقامی ڈاکٹر نے علاج کیا، تاہم حالت خراب ہونے پر انہیں بڑے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی طور پر 13 سالہ زینب صبح تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر انتقال کر گئیں۔ بعد ازاں والدہ نسرین اور بڑی بیٹی عائشہ بھی جانبر نہ ہو سکیں، جبکہ والد عبداللہ رات تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر دم توڑ گئے۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریض انتہائی کمزور حالت میں تھے اور انہیں شدید قے اور جسمانی کمزوری کا سامنا تھا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ انہوں نے تربوز کھایا تھا۔پولیس نے واقعے کو حادثاتی موت کے تحت درج کر لیا ہے جبکہ تربوز کا نمونہ قبضے میں لے کر لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔
محکمہ خوراک، فارنزک ٹیم اور طبی ماہرین واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا تربوز میں زہریلا مادہ، آلودگی یا بیکٹیریا موجود تھا یا نہیں۔حکام کے مطابق حتمی وجہ موت پوسٹ مارٹم اور لیبارٹری رپورٹس آنے کے بعد سامنے آئے گی۔

