بھارت: 36 برس میں 300 سے زائد لگژری ہوٹلوں کو چونا لگانے والا شخص گرفتار

بھونیشور (نیٹ نیوز)بھارت کی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ شخص کو مبینہ طور پر گزشتہ 36 برس کے دوران ملک بھر کے 300 سے زائد لگژری ہوٹلوں کو دھوکا دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم کی شناخت بنگسن جان کے نام سے کی ہے، جو جعلی شناخت کے ذریعے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کرتا، کئی روز تک وہاں کی سہولتیں استعمال کرتا، بل ادا کیے بغیر روانہ ہو جاتا اور بعض مواقع پر قیمتی سامان بھی ساتھ لے جاتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو ریاست اڑیسہ کے دارالحکومت بھونیشور سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں واقع ایک لگژری ہوٹل نے اس کے خلاف شکایت درج کرائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے ہوٹل میں دو روز قیام کیا، 63 ہزار 755 بھارتی روپے کا بل ادا کیے بغیر فرار ہوگیا، جبکہ ایک لاکھ 48 ہزار بھارتی روپے مالیت کا لیپ ٹاپ بھی اپنے ساتھ لے گیا۔

پولیس کے مطابق رائے پور کے ہوٹل سے مبینہ طور پر چوری ہونے والے لیپ ٹاپ کی ٹریکنگ کے دوران ملزم کا سراغ ملا، جس کے بعد اسے بھونیشور سے گرفتار کر لیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق یہ مبینہ فراڈ 1990ء سے جاری تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ تین دہائیوں سے ایک ہی طریقۂ واردات استعمال کرتے ہوئے 300 سے زائد فائیو اسٹار ہوٹلوں کو نشانہ بناتا رہا۔

پولیس کے مطابق ملزم جعلی شناختی دستاویزات کے ذریعے ہوٹل انتظامیہ کا اعتماد حاصل کرتا، لگژری ہوٹلوں میں قیام کرتا اور بل ادا کیے بغیر فرار ہو جاتا تھا، جبکہ بعض واقعات میں قیمتی سامان بھی ساتھ لے جاتا تھا۔