تاشقند :سپریم لیڈر کی بیرون ملک منتقلی افواہیں ہیں:ایرانی سفیر

تاشقند (ایجنسیاں)ازبکستان میں تعینات ایرانی سفیر محمد علی اسکندری نے سپریم لیڈر کی خرابی صحت اور ماسکو منتقلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای ایران میں موجود ہیں اور اپنی تمام آئینی و مذہبی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔

ایرانی سفیر کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے عوامی منظر سے دوری کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی تھیں، تاہم سپریم لیڈر مکمل طور پر صحت مند ہیں، قومی امور کی نگرانی کر رہے ہیں اور اہم سیاسی و عسکری فیصلے خود کر رہے ہیں۔انہوں نے ان خبروں کو دشمن کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی افواہوں کا مقصد ایران کو کمزور ظاہر کرنا اور اعلیٰ قیادت کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ہے، جبکہ ایرانی نظام مستحکم اور مضبوط ہے۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے علاقائی کشیدگی پر ایران کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملک کیلئے صرف دو راستے ہیں،”فتح یا شہادت”۔انہوں نے امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے بعض ارکان کو عہدوں کیلئے نااہل قرار دیا اور کہا کہ ایران اپنی پالیسیوں پر بدستور قائم رہے گا۔