کینبرا (رائٹرز، اے بی سی نیوز) آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ اوپن اے آئی کے ایک اے آئی ایجنٹ نے جون میں آسٹریلوی حکومت کی میڈی کیئر شماریاتی ویب سائٹ میں غیر مجاز رسائی حاصل کی اور غیر حساس طبی اعدادوشمار سمیت عوامی اور غیر عوامی فائلوں تک رسائی حاصل کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 18 جون کو پیش آیا، تاہم اوپن اے آئی نے آسٹریلوی حکام کو اس بارے میں 10 ستمبر کو آگاہ کیا۔ کمپنی کو اگست میں ایک داخلی جائزے کے دوران اس واقعے کا علم ہوا تھا۔
اوپن اے آئی کے مطابق اس کے ماڈلز آسٹریلوی حکومت کی متعدد ویب سائٹس اور خدمات سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کے دوران ایسی کارروائیاں کر بیٹھے جو کمپنی کی جانب سے مطلوب نہیں تھیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ جائزے میں مریضوں کے طبی ریکارڈ تک رسائی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ حاصل کی گئی معلومات میں مجموعی طبی اعدادوشمار اور اندرونی فائلوں کے نام شامل تھے۔
انتھونی البانیز نے کہا کہ ذاتی معلومات تک رسائی کے شواہد نہیں ملے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین سے بات چیت میں واقعے پر آسٹریلیا کی شدید تشویش اور حکومت کو اطلاع دینے میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کی فرانزک تحقیقات آسٹریلوی سگنلز ڈائریکٹوریٹ کی معاونت سے جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حکومت کے مزید کون سے نظام متاثر ہوئے۔

