خودکار ٹیسلا گاڑی حادثہ: 76 سالہ خاتون ہلاک، ایلون مسک کی تردید

ٹیکساس( بین الاقوامی میڈیا رپورٹس)امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹیسلا کی ایک خودکار ڈرائیونگ گاڑی کے حادثے میں 76 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی۔

امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق 19 جون کو پیش آنے والے واقعے میں ٹیسلا ماڈل 3 سڑک سے ہٹ کر ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں نہیں تھا اور وہ تفتیش میں مکمل تعاون کر رہا ہے۔ ڈرائیور نے بیان دیا کہ حادثے کے وقت گاڑی کا خودکار ڈرائیونگ نظام فعال تھا۔

دوسری جانب ایلون مسک نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی مکمل خودکار موڈ میں نہیں تھی، کیونکہ یہ نظام رہائشی علاقوں میں کم رفتار پر چلتا ہے اور حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے شعبے کے نائب صدر اشوک ایلسوامی کے مطابق ڈرائیور نے خود ایکسیلیٹر دبایا، جس سے خودکار نظام غیر مؤثر ہو گیا اور گاڑی کی رفتار 73 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق امریکی ریگولیٹرز پہلے ہی ٹیسلا کے خودکار ڈرائیونگ نظام کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ گزشتہ برس ایسے متعدد واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں جن میں گاڑیوں کے ٹریفک سگنلز توڑنے اور غلط سمت میں جانے کی شکایات شامل ہیں۔