دو روزہ بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز 22 اگست سے ہوگا:رانا محمد تنویر

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)عالمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئےورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز اِنکارپوریٹڈ کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز 22 اگست 2026 سے پیرسن کنونشن سینٹر، برامپٹن میں ہوگا۔

پہلے روز لائف اسٹائل ایکسپو بزنس اینڈ انویسٹرز کانفرنس 2026 منعقد ہوگی جبکہ 23 اگست کو کینیڈا گیٹ وے ایکسپو 2026 کا انعقاد کیا جائیگا۔

منتظمین کے مطابق تقریب میں تقریباً 20 ممالک سے کاروباری اور تجارتی وفود کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، حکومتی نمائندوں، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان، صنعت کاروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کینیڈین اور عالمی مارکیٹ سے منسلک کرنے کیلئےمختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔

پروگرام میں بزنس نیٹ ورکنگ، میٹ اینڈ گریٹ، ثقافتی پرفارمنسز، مصنوعات و خدمات کی نمائش، کاروباری و سرمایہ کاری سیشنز، بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں اور خریداروں و فروخت کنندگان کے درمیان ملاقاتیں شامل ہوں گی۔

پاکستان سے پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی خصوصی طور پر ان تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ پاکستان، بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی انفراسٹرکچر اور اسپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے کینیڈین اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

چیف آرگنائزر کینیڈا گیٹ وے ایکسپو 2026 رانا محمد تنویر نے کہا کہ اس بین الاقوامی پلیٹ فارم کا مقصد صرف نمائش یا کانفرنس کا انعقاد نہیں بلکہ دنیا بھر کے کاروباری اداروں کو عملی طور پر ایک دوسرے سے جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور تجارتی وفود کو کینیڈا میں ایک ایسے پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جا رہا ہے جہاں وہ اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ کینیڈین کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داریاں قائم کرسکیں۔

رانا محمد تنویر نے کہا کہ کینیڈا بین الاقوامی کاروباری اداروں کیلئے شمالی امریکی مارکیٹ تک رسائی کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہےجبکہ کینیڈا گیٹ وے ایکسپو کو دنیا اور کینیڈا کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری،ٹیکنالوجی اور کاروباری روابط کا مستقل گیٹ وے بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئےبھی یہ ایک اہم موقع ہے کہ پاکستانی صنعت کار، برآمد کنندگان اور کاروباری ادارے اپنی مصنوعات اور خدمات کو عالمی سطح پر متعارف کرائیں اور کینیڈین خریداروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شراکت داروں کے ساتھ براہ راست روابط قائم کریں۔

23 اگست کو کینیڈا گیٹ وے ایکسپو 2026 میں بین الاقوامی تجارتی نمائش، بزنس ٹو بزنس میچ میکنگ، خریدار و فروخت کنندہ ملاقاتیں، سرمایہ کاروں سے رابطے، حکومتی و تجارتی وفود کی شرکت، مختلف شعبوں کی نمائش، مصنوعات و جدت کی نمائش اور کاروباری نیٹ ورکنگ سمیت متعدد سرگرمیاں ہوں گی۔

منتظمین کے مطابق دو روزہ سرگرمیوں کا بنیادی مقصد دنیا کو کینیڈا سے اور کینیڈا کو دنیا سے جوڑنا اور تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور پائیدار کاروباری شراکت داری کیلئےعملی مواقع پیدا کرنا ہے۔