سیمنز ہیلتھینئرز نے ایولین گنویگ کو پاکستان کی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا

لاہور (نمائندہ خصوصی)سیمنز ہیلتھینئرز نے ایولین گنویگ کو پاکستان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا۔کمپنی کے مطابق ایولین گنویگ اپنی نئی ذمہ داری میں پاکستان میں کمپنی کی اہم ترجیحات کی قیادت کریں گی، جن میں صحت کے شعبے میں تبدیلی، جدید ٹیکنالوجی، آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے استفادہ کرتے ہوئے مریضوں کی نگہداشت اور صحت کے اداروں کے انتظام کو بہتر بنانا شامل ہے۔

سیمنز ہیلتھینئرز نے پاکستان میں 1922 میں لاہور سے اپنے آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔ ایک صدی سے زائد عرصے سے کمپنی پاکستان میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

کمپنی جدید ٹیکنالوجی، طبی مہارت اور مختلف اختراعات کے ذریعے پاکستان کے صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

سیمنز ہیلتھینئرز کی جدید ٹیکنالوجی اور خدمات میں میڈیکل امیجنگ، تشخیص، کینسر کی تشخیص، اسپورٹس ہیلتھ اور مصنوعی ذہانت شامل ہیں، جن کے ذریعے صحت کے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز، بشمول قلبی امراض، سے نمٹنے میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایولین گنویگ کے پاس یورپ، مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور آسٹریلیا میں 15 سال سے زائد بین الاقوامی قیادت کا تجربہ ہے۔ انہیں کاروباری ترقی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے شعبوں میں بھی وسیع تجربہ حاصل ہے۔اپنی تقرری پر ایولین گنویگ نے کہا کہ سیمنز ہیلتھینئرز کا مقصد ایسی جدید ٹیکنالوجیز اور حل فراہم کرنا ہے جو لوگوں کو بہتر طبی سہولیات تک رسائی میں مدد دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کمپنی اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرے گی، صحت کے اداروں اور مریضوں کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھے گی اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں مصنوعی ذہانت، میڈیکل امیجنگ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لائے گی۔

ایولین گنویگ نے کہا کہ پاکستان اور خطے میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور وہ ٹیکنالوجی کی مہارت اور مقامی شراکت داروں کو حقیقی اور مثبت نتائج میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں گی۔ اس سے ڈاکٹروں کو بہتر طبی فیصلے کرنے، صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور زیادہ لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کے مطابق دنیا بھر میں صحت کے ادارے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل حل اور مصنوعی ذہانت کو تیزی سے اپنا رہے ہیں۔ سیمنز ہیلتھینئرز پاکستان میں جدید طبی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی مہارت اور مضبوط شراکت داری کے ذریعے صحت کے اداروں کی کارکردگی اور مریضوں کے نتائج بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہے۔