شاہ رخ خان کی دولت میں 2490 کروڑ روپے کمی، پھر بھی بھارت کے امیر ترین اداکار

نئی دہلی (انڈین ایکسپریس، منی کنٹرول، ہورون انڈیا) بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی تخمینی دولت میں ایک سال کے دوران 2490 کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے، تاہم وہ ہورون انڈیا رچ لسٹ 2026 کے مطابق بھارت کے امیر ترین اداکار ہیں۔

ہورون انڈیا کی تازہ فہرست کے مطابق شاہ رخ خان کی تخمینی مجموعی دولت 10 ہزار کروڑ روپے ہے، جو گزشتہ سال 12 ہزار 490 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ ان کی دولت میں فلموں اور اشتہارات کے علاوہ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نائٹ رائیڈرز اسپورٹس سمیت کاروباری مفادات بھی شامل ہیں۔

فہرست میں امیتابھ بچن 4 ہزار کروڑ روپے کی تخمینی دولت کے ساتھ دوسرے، سلمان خان 3 ہزار کروڑ روپے کے ساتھ تیسرے اور ہریتھک روشن 2500 کروڑ روپے کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ سلمان خان اس سال پہلی بار اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔

ہورون کی مختلف فہرستوں میں شاہ رخ خان کی دولت کے تخمینے میں فرق بھی سامنے آیا ہے۔ رواں سال کی ہورون گلوبل رچ لسٹ میں ان کی دولت 10 ہزار 800 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف فہرستوں میں اثاثوں کی قدر اور جائزے کے ادوار کے باعث اعداد و شمار مختلف ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’کنگ‘‘ 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا اعلان برقرار ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

شاہ رخ خان نے رواں ماہ مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے فلم کی مقررہ تاریخ پر ریلیز کی تصدیق بھی کی تھی۔ ’’کنگ‘‘ 2023 میں ریلیز ہونے والی ’’ڈنکی‘‘ کے بعد ان کی اگلی بڑی فلم ہوگی۔