نیویارک(این ڈی ٹی وی، گلف نیوز) امریکی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی ’بلیو وائن‘ کی بھارتی کسٹمر سپورٹ ٹیم کے تقریباً 80 ملازمین کو صرف 5 منٹ کی گوگل میٹ کال کے دوران ملازمت سے فارغ کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
متاثرہ ملازم نے ریڈٹ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ملازمین کو پہلے ’آپریشنل وجوہات‘ کا حوالہ دے کر گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم شام کی شفٹ کے دوران رات ساڑھے 9 بجے اچانک پوری ٹیم کو انتظامیہ کی جانب سے گوگل میٹ پر بلایا گیا۔
ملازم کے مطابق تقریباً 5 منٹ کی کال میں ٹیم کو بتایا گیا کہ پوری بھارتی کسٹمر سروس ٹیم کو ملازمت سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ ملازم نے دعویٰ کیا کہ اس فیصلے سے تقریباً 80 ملازمین اور ان کے خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
متاثرہ ملازم نے بتایا کہ ملازمین ملازمت کے تحفظ کے خدشے کے باعث مسلسل محنت کر رہے تھے اور انہیں برطرفی سے قبل کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کمپنی کا نام پوچھے جانے پر ملازم نے ’بلیو وائن‘ کا نام بتایا۔ بلیو وائن امریکی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی ہے جو چھوٹے کاروباروں کو آن لائن کاروباری بینک اکاؤنٹس، ادائیگی کی سہولتیں اور قرض کی حد سمیت مالیاتی خدمات فراہم کرتی ہے۔
ملازم کے مطابق انتظامیہ نے بھارتی ٹیم کی جانب سے کمپنی کی توقعات کے مطابق مطلوبہ نتائج فراہم نہ کیے جانے کو ملازمتیں ختم کرنے کی وجہ بتایا، تاہم ملازم نے اس مؤقف سے اختلاف کیا۔ اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
بلیو وائن کی جانب سے اس دعوے کی فوری طور پر تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

