اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) اسلام آباد میں عالمی خواتین ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے سنگلز جبکہ تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ اور چین کی رو شی وو نے ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ مقابلوں میں 17 ممالک کی 31 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں امریکی ناظم الامور نیٹالی بیکر نے شرکت کی اور پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھیلوں کے ذریعے مثبت روابط کے فروغ کے کردار کو بھی سراہا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی ٹینس کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا، تاہم اب بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے اس کھیل کی بحالی اور فروغ کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
کامیاب کھلاڑیوں اور رنر اَپ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ کے سلسلے میں آئندہ مقابلہ بلی جین کنگ کپ ہوگا، جو 21 سے 24 اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

