لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ شہر میں کہیں بھی سبزیاں اور پھل سرکاری نرخ نامے کے مطابق دستیاب نہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سبزیاں اور پھل مہنگے ہیں تو دوسری جانب دکاندار اور ریڑھی بان سرکاری نرخ نامے پر عمل نہیں کرتے، اگرچہ سرکاری نرخ نامے دکانوں پر آویزاں کیے جاتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 180 سے 250 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔
ٹماٹر 170 روپے کے بجائے 180 روپے، ادرک 380 کے بجائے 400 روپے جبکہ لہسن 320 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔
پھلوں میں انگور 700 روپے اور سیب 450 روپے فی کلو فروخت کیے جارہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کرواتی نظر نہیں آتی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اگر انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد نہیں کرواسکتی تو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سرکاری نرخ نامے جاری بھی نہ کیے جائیں۔چھاپہ مارٹیمیں صرف مارکیٹوں میں چھاپے ضرورمارتی ہیںمگر صرف دکانداروں سے بھتہ وصول کرتی ہیں.

