محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کی طلبی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

لاہور (کورٹ رپورٹر) قومی کرکٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی طلبی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم آج درخواست پر سماعت کریں گی۔

محمد رضوان نے درخواست میں این سی سی آئی اے کے دائرہ اختیار اور تحقیقات کی نوعیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ طلبی کے نوٹس میں ان کے خلاف کسی مخصوص الزام کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ نوٹس کے مطابق انکوائری آن لائن بیٹنگ اور جوئے سے متعلق ہے۔

درخواست میں محمد رضوان کا کہنا ہے کہ پیشی کے دوران انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق الزامات کی تفصیلات بار بار دریافت کیں، تاہم ان کے سوالات کا جواب نہیں دیا گیا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نامعلوم الزام کی بنیاد پر این سی سی آئی اے کی تحقیقات کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے اور حتمی فیصلے تک کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق کو سوال نامے جاری کیے تھے اور دونوں کھلاڑیوں کو 15 ستمبر تک جوابات جمع کرانے تھے۔ امام الحق سوال نامے کا جواب جمع کرا چکے ہیں۔