مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول کے فیسٹیول ڈائریکٹر ارشد خان نے کہا ہے کہ موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول 30 ستمبر سے 4 اکتوبر تک مسی ساگا میں منعقد ہوگا، جس میں جنوبی ایشیا سمیت مختلف ممالک کی خوبصورت فلمیں پیش کی جائیں گی اور فلم ساز بھی شرکت کرینگے۔
ارشد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال فیسٹیول میں پنجابی سینما کو خصوصی توجہ حاصل ہے جبکہ افتتاحی فلم ’’لالی‘‘ ہوگی، جس کے پاکستانی ہدایت کار سرمد کھوسٹ ہیں اور وہ بھی فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کی ویب سائٹ پر نمائش کیلئے پیش کی جانے والی تمام فلموں کی تفصیلات موجود ہیں جبکہ اس سال فیسٹیول میں متعدد پاکستانی فلمیں بھی شامل ہیں، جن میں ’’میرا لیاری‘‘ بھی شامل ہے۔
ارشد خان نے کہا کہ ’’ہینگنگ بائے اے وائر‘‘ بھی فیسٹیول میں پیش کی جائیگی، جو مون نگری کی فلم ہے اور سنڈینس فلم فیسٹیول میں بھی پیش کی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمار عزیز کی فلم ’’دیئر واز اے اسکائی‘‘ کا عالمی پریمیئر بھی فیسٹیول میں ہوگا۔ یہ لاہور میں قائم ایک دستاویزی فلم ہے جو یتیم بچوں کے بارے میں ہے۔
ارشد خان کے مطابق فیسٹیول میں خوبصورت بھارتی فلمیں بھی پیش کی جائیں گی، جن میں گوریندر سنگھ کی فلم ’’رحمت‘‘ شامل ہے، جو فیسٹیول کی اختتامی شب کی فلم ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ’’اے بٹ آف لائٹ‘‘ فیسٹیول کی مرکزی فلم ہوگی جبکہ فیسٹیول کے دوران متعدد دیگر خوبصورت فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔
فیسٹیول ڈائریکٹر نے کہا کہ اس موقع پر فلم ساز بھی شرکت کرینگے اور ریڈ کارپٹ تقریب بھی منعقد ہوگی۔ انہوں نے ناظرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ فیسٹیول میں آئیں اور اس منفرد فلمی میلے کا حصہ بنیں۔ارشد خان نے بتایا کہ فیسٹیول کی تقریبات سینی پلیکس مس ساگا اور لیونگ آرٹس سینٹر میں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کو ٹیل فلم کینیڈا، کینیڈین میڈیا فنڈ، کینیڈین کمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو، ایکٹرا، ڈائریکٹرز گلڈ آف کینیڈا، سٹی آف مسی ساگا اور مس ساگا آرٹس کونسل کی معاونت حاصل ہے۔
ارشد خان نے کہا کہ یہ موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول کا 12واں سال ہے اور ناظرین فیسٹیول کی ویب سائٹ پر فلموں کے ٹریلرز اور ٹکٹوں کی قیمتوں سمیت دیگر تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلم فیسٹیول اپنے اپنے ملکوں اور معاشروں کی نمائندگی ایک خوبصورت، باوقار اور مہذب انداز میں کرتے ہیں، اسلئے یہ ایک دلچسپ تجربہ ہوتا ہے۔
ارشد خان نے کہا کہ فلم فیسٹیول کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ناظرین فلمیں دیکھنے کے ساتھ فلم سازوں سے براہ راست ملاقات اور گفتگو کرسکتے ہیں۔انہوں نے ناظرین کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ 30 ستمبر سے 4 اکتوبر تک مسی ساگا میں منعقد ہونے والے موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں ضرور شرکت کریں۔

