معروف بالی ووڈ اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ممبئی (ہندوستاں ٹائمز، ٹائمز آف انڈیا)معروف بالی ووڈ اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ ’’ویلکم‘‘، ’’غدر: ایک پریم کتھا‘‘، ’’غدر 2‘‘ اور ’’استری 2‘‘ سمیت متعدد مقبول فلموں میں معاون کرداروں کیلئے جانے جاتے تھے۔

مشتاق خان کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا تھا۔ وہ جمعرات کی شام انتقال کر گئے۔

مشتاق خان نے 1980 میں فلم ’’البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے‘‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فنی سفر کے دوران انہوں نے ’’عاشقی‘‘، ’’ہم ہیں راہی پیار کے‘‘، ’’ہیرا پھیری‘‘ اور ’’مجھ سے شادی کرو گی‘‘ سمیت کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔

وہ ہندی فلموں کے ساتھ ٹیلی ویژن میں بھی کام کرتے رہے اور بالخصوص مزاحیہ اور معاون کرداروں میں اپنی اداکاری کے باعث نمایاں شناخت بنائی۔ ان کی فلمی زندگی میں ’’غدر: ایک پریم کتھا‘‘ اور ’’غدر 2‘‘ کے علاوہ ’’ویلکم‘‘ اور ’’استری 2‘‘ بھی شامل ہیں۔