مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ: پاکستان ناقابلِ شکست، سیمی فائنل میں پہنچ گیا

چین (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے ملائیشیا کو 2-5 سے شکست دے کر مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ کے سیمی فائنل کیلئےکوالیفائی کرلیا۔چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ کے پول بی کے میچ میں پاکستان نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کی۔

میچ کے 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔دو کوارٹرز تک گول کرنے میں ناکام رہنے والی پاکستانی ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کم بیک کیا اور یکے بعد دیگرے 4 گول داغ دیے۔

پاکستان کی جانب سے 32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ ولید رانا نے 39ویں اور 40ویں منٹ میں 2 خوبصورت گول کرکے پاکستان کی گرفت مضبوط کردی۔

41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پاکستان کا پانچواں گول داغ کر اسکور 1-5 کردیا۔ملائیشیا کی جانب سے گناسیلن دھیرش نے 54ویں منٹ میں دوسرا گول کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔