وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے خطرات کی نشاندہی، حکومت نے جامع رپورٹ تیار کرلی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے امکانات، انتظامی کمزوریوں اور مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے لیے جامع رپورٹ تیار کرلی ہے، جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کے اثاثے بھی ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت قانون و انصاف نے مختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے بدعنوانی کے خطرات کا قومی جائزہ مکمل کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس جائزے کیلئے25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا، جن میں سے 10 اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس مقصد کیلئے300 سے زائد اشاریے استعمال کیے گئے، جبکہ اداروں کے مالیاتی نظام، انتظامی ڈھانچے، آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے اعداد و شمار اور متعلقہ نگران اداروں کے کردار کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ یہ رپورٹ کسی ادارے یا افسر کے خلاف فرد جرم نہیں بلکہ بدعنوانی کے امکانات کی نشاندہی اور ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اور حفاظتی اقدامات پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے 146 اقدامات دو سال کے دوران، 159 اقدامات آئندہ پانچ سال میں جبکہ 91 اقدامات طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

وزیر قانون نے بتایا کہ جائزے میں وفاقی بورڈ آف ریونیو، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت مختلف اداروں کے معاملات شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری معاملات میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دیا ہے۔ وفاقی حکومت کے سرکاری امور کو برقی دفتری نظام پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ کاغذی کارروائی، انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات میں کمی لائی جاسکے۔

اعظم نذیر تارڑ کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ گزشتہ چار سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ میٹر نصب کیے جاچکے ہیں، موٹرویز پر ٹول ٹیکس وصولی کا نظام برقی بنایا جارہا ہے اور پنشن کے نظام میں شفافیت کے لیے قومی شناختی ادارے کے ذریعے تصدیقی عمل شروع کیا گیا ہے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل بٹوے متعارف کرائے گئے ہیں، جبکہ سرکاری خریداریوں میں شفافیت کے لیے بھی برقی نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی اور اصلاحات کے نتیجے میں 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر خود احتسابی اور شفافیت کے لیے یہ جائزہ مکمل کیا گیا ہے۔ حکومت نے غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے پاک پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں ڈیجیٹل نظام اور شفافیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات کا بنیادی مقصد محصولات میں اضافہ اور بدعنوانی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔

حکومتی حکام کے مطابق رپورٹ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سامنے لائی گئی ہے، جبکہ اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد کی پیش رفت بھی وقتاً فوقتاً عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔

اہم وضاحت: حکومت کی تیار کردہ رپورٹ میں اداروں میں بدعنوانی کے ممکنہ خطرات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے، اسے ان اداروں میں بدعنوانی ثابت ہونے یا کسی افسر کے خلاف جرم ثابت ہونے کی رپورٹ قرار نہیں دیا گیا۔