ممبئی (بھارتی میڈیا، ٹائمز آف انڈیا) بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کو راجستھان کے شہر کوٹا کے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ لارنس بشنوئی گروہ سے وابستہ افراد نے سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سلمان خان اور ان کے ساتھ کام کرنے والی فلمی شخصیات کو بھی دھمکیاں دی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے جوہو میں اتوار 18 اکتوبر کی شام ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اداکار اس واقعے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور ایک راہ گیر زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی پولیس کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر راجستھان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں مشتبہ ملزمان کو کوٹا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے گرفتار کیا۔ ملزمان ممبئی سے ٹرین کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرفتار افراد میں دو کا تعلق ہریانہ جبکہ ایک کا تعلق مہاراشٹر سے بتایا گیا، تاہم بعد کی رپورٹس میں ایک ملزم کا تعلق بہار سے بھی بتایا گیا ہے۔ پولیس ان کی شناخت، کردار اور ممکنہ روابط کی تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب لارنس بشنوئی گروہ سے وابستہ بتائے جانے والے انیل پنڈت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام اور صوتی پیغام میں ٹائیگر شروف پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ پیغام میں انیل پنڈت اور ہرمن سندھو کے نام لیے گئے اور دعویٰ کیا گیا کہ اداکار کو پہلے فون کرکے خبردار کیا گیا تھا، لیکن مبینہ طور پر انتباہ نظرانداز کیے جانے کے بعد فائرنگ کی گئی۔ حکام اس پیغام کی صداقت کی جانچ بھی کر رہے ہیں۔
مبینہ دھمکی آمیز پیغام میں ممبئی کی فلمی صنعت سے وابستہ ان شخصیات کو بھی خبردار کیا گیا جو سلمان خان کے ساتھ کام کرتی ہیں یا گروہ کے مطالبات تسلیم نہیں کرتیں۔ پیغام میں مخالف جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ افراد کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔
ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات ایک بار پھر سامنے آئے ہیں۔ 1998ء میں کالے ہرن کے شکار کے معاملے کے بعد سے سلمان خان اور بشنوئی برادری کے درمیان تنازع بھارتی ذرائع ابلاغ میں زیرِ بحث رہا ہے۔ بشنوئی برادری کالے ہرن کو مذہبی اہمیت دیتی ہے اور سلمان خان سے اس معاملے پر معافی کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیل پنڈت سے منسوب پیغام میں سلمان خان سے لارنس بشنوئی اور بشنوئی برادری سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ پیغام میں دھمکی دی گئی کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والی شخصیات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی، فائرنگ میں ان کے مبینہ کردار اور لارنس بشنوئی گروہ سے ممکنہ روابط کا تعین کیا جا رہا ہے۔

