ٹورنٹو :پاکستانی نژاد انفارمیشن ٹیکنالوجی ماہرین کی نیٹ ورکنگ میٹنگ

ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں پاکستانی نژاد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کی نیٹ ورکنگ میٹنگ 10 جون 2026 کو پاکستان کے قونصل خانے ٹورنٹو کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔

پاکستان کے تجارتی و سرمایہ کاری مشیر الطمش جنجوعہ نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ کی سرپرستی، رہنمائی اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے اس مؤثر نیٹ ورکنگ تقریب کا انعقاد ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس اجتماع نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی ماہرین کو ایک دوسرے سے ملاقات، خیالات کے تبادلے اور تعمیری مشاورت کا بہترین موقع فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پیشہ ور افراد اپنی مہارت، جدت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں شریک قونصلرسندس اور حسن علی سمیت ماہرین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ پاکستانی پیشہ ور افراد کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ جدت، علم کے تبادلے اور پیشہ ورانہ ترقی کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں اور کمیونٹی کو مضبوط بنایا جا سکے۔